بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنے شاندار گھر ’منت‘ سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کے معاملات میں ان کی اہلیہ گوری خان کی ہی چلتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی میں ایک تقریب کے دوران فلم ساز کرن جوہر نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ انہیں اپنے گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں؟ جس پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ انہیں اپنے گھر میں کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ’منت‘ دراصل گوری خان کا گھر ہے جہاں وہ وائی فائی، کھانے، دیواروں کے رنگ، پینٹنگز، روشنیوں اور فرنیچر سمیت کسی بھی چیز کے بارے میں اپنی رائے نہیں دے سکتے۔
اداکار نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں والدین کے انتقال کے بعد اپنا گھر ہونا ان کا ایک بڑا خواب تھا، گوری نے اس گھر کو نہایت خوبصورتی سے سجایا ہے۔
ان کے مطابق فلموں اور خاندان سے محبت اپنی جگہ، لیکن ایک ایسی جگہ کا ہونا جسے وہ اپنا کہہ سکیں، ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
THE PUBLIC POST