راولپنڈی(پبلک پوسٹ)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچایا اور ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے۔
بھارتی حملے پر پاک فضائی کی جواب کارروائی پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے اب تک بھارت کے 5 طیاروں کو گرایا جن میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سنحوئی طیارہ شامل ہے جبکہ ایک ڈرون بھی مار گرایا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی طیاروں کو تب گرایا گیا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا، بھارت نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا لیکن قوم کی بھرپور حمایت سے مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں میں بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی قوم کو للکارا، اس کی غلط فہمی کو ٹھیک کر دیا جائے گا، ہمارا دشمن بزدل اور کم ظرف ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی حملے کے وقت پاکستانی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی طیارے موجود تھے، بھارت نے کئی ملکوں کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔
قبل ازیں، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو بھارتی حملے کا نشانہ بننے والے مقامات کا دورہ کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج پاکستانی قوم کی حمایت سے دشمن کو بھرپور اور مکمل جواب دے رہی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے ہیں، جس میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوگئے جبکہ دو لاپتا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا یہاں 4 حملے ہوئے اور 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہیں، دو مرد اور دو خواتین بھی شہید ہوئے اور 31 زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک مسجد شہید ہوئی ہے، شہری آبادی میں 4 کوارٹرز کو نقصان پہنچا جہاں عام لوگ رہائش پذیر تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مظفر آباد میں شاہی والا نالہ میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا اور یہاں دشمن کی طرف سے 7 حملے کیے گئے، اس میں ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔