کراچی میں بارش کے بعد برساتی نالوں کا لاکھوں ٹن کچرا ساحل پر پہنچ گیا،صفائی کا کام شروع کردیا گیا

شہر قائد میں ہونے والی بارشوں کے بعد برساتی پانی کے ریلے میں بہہ کر لاکھوں ٹن کچرا سمندر میں پہنچ گیا۔

کراچی کے ساحلوں بالخصوص سی ویو، کلفٹن اور کے پی ٹی پر لاکھوں ٹن کچرا جمع ہونے سے نہ صرف تعفن اٹھ رہا ہے بلکہ آبی حیات کو بھی شدید خطرات لاحق ہے۔

اس خطرے کے پیش نظر کے پی ٹی نے سمندری آلودگی کے تدارک اور آبی حیات کے تحفظ کے لیے وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری کی ہدایت پر کراچی کی بندرگاہ کے مختلف حصوں میں بارشوں کے بعد بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

“پوسٹ رین کلین اپ” مہم کے تحت برتھوں، جیٹیوں اور نیوی گیشن چینلز سے کچرا نکالا جا رہا ہے۔

فوٹو ایکسپریس

محکمہ میرین پروٹیکشن کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 150 ٹن کچرا سمندر سے نکالا گیا، جبکہ عملہ دن رات سمندر کو آلودگی سے پاک کرنے میں مصروف ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے دوران لاکھوں ٹن کچرا نالوں اور دریاؤں کے ذریعے سمندر میں شامل ہو جاتا ہے، جس سے مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کی زندگیاں شدید خطرے سے دوچار ہو جاتی ہیں۔ اس خطرے کے تدارک کے لیے یہ صفائی مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی۔

ماہرین کے مطابق کیماڑی سے منوڑہ تک پھیلا ہوا کچرا مچھلیوں کی افزائش کو متاثر کر رہا ہے جبکہ نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور زمینی سطح پر اوزون کی بڑھتی ہوئی سطح سمندری ماحولیاتی نظام اور انسانی صحت دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

فوٹو ایکسپریس

یاد رہے کہ چند سال قبل سمندری آلودگی کے باعث کراچی پورٹ ٹرسٹ ایریا، منوڑہ چینل اور چرنہ کریک سمیت کئی اہم آبی گزرگاہوں پر 100 ٹن سے زائد مچھلیاں ہلاک ہوگئی تھیں۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری کا کہنا ہے کہ سمندر کو آلودگی سے بچانا قومی ذمہ داری ہے اور حکومت تمام وسائل بروئے کار لا کر سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

Check Also

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ سہ ملکی سیریز …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *