فلڈ ریلیف چیریٹی میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے میں لیجنڈز الیون کو چھ رنز سے شکست دے دی۔
پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں بارش کے باعث 15 اوورز تک محدود میچ میں لیجنڈز الیون نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کی ٹیم 14.3 اوورز میں 144 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم 41 اور یاسر حمید 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔
لیجنڈز الیون کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبد الرحمان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔
لیجنڈز الیون کی جانب سے کپتان انضمام الحق اور اظہر محمود کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکیں۔
انضمام الحق 23 گیندوں پر 46 اور اظہر محمود 15 گیندوں پر 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان اور بابر اعظم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔