تہران: اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے قتل کیے جانے کے دعویٰ کے بعد ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کا لکھا ہوا نوٹ جاری کر دیا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا پر جاری علی لاریجانی کے ہاتھ سے لکھے ہوئے نوٹ میں ایرانی بحریہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایرانی بحریہ کی قربانیاں عالمی طاقتوں کے خلاف جاری جدوجہد کا اہم حصہ ہیں، شہدا کی یاد ہمیشہ ایرانی قوم کے دلوں میں زندہ رہے گی، قربانیوں سے مسلح افواج کے ڈھانچے کو مزید مضبوطی ملے گی۔
قومی سلامتی کے سربراہ علی لاریجانی نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرے گا۔
علاوہ ازیں سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا کہ نئے سپریم لیڈر نے کہا ہے یہ امن کا مناسب وقت نہیں، امریکا اور اسرائیل کو شکست دینا ہوگی، امریکا اسرائیل کو ایرانی نقصان کا ازالہ بھی کرنا پڑے گا۔
سینئر ایرانی عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے دو ثالث ممالک کی جانب سے بھیجی گئی تجاویز کو بھی مسترد کر دیا۔
THE PUBLIC POST