کراچی:انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شہری کے اغوا اور بھتہ طلب کرنے کے کیس میں سابق ڈی سی ملیر، سابق ایس ایس پی ملیر سمیت دیگر سرکاری افسران کو طلب کرلیا۔
عدالت نے سابق ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو اور سابق ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی، مختیار کار مراد میمن ریاض مغیری، اسسٹنٹ کمشنر مراد میمن خالد معروف اور ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی کو سمن جاری کردیے۔
عدالت نے تمام سرکاری افسران کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا، غلام اکبر جتوئی کی جانب سے سرکاری افسران کیخلاف شکایت دائر کی گئی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزمان نے انکے بیٹے کو اغوا کرکے بھتہ طلب کیا، بیٹے تیمور کو بازیاب کروالیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج اور قانونی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے ایس ایس پی اے وی سی سی کو ہدایت دی کہ ملزمان کو سمن جاری کرکے ان کی عدالت میں حاضری یقینی بنائیں، عملدرآمد رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔ ایس ایس پی سی آئی اے نوٹسز کی تعمیل بلا تاخیر یقینی بنائیں۔
ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 365-A اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کارروائی کا نوٹس لیا گیا ہے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی۔
THE PUBLIC POST