ایرانی فوج کی جانب سے ایک امریکی پائلٹ کو گرفتار کیے جانے کی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے ایک امریکی پائلٹ کو حراست میں لیا، جو مبینہ طور پر ایرانی فضائی حدود میں گرائے گئے لڑاکا طیارے سے ایجیکٹ ہونے کے بعد زمین پر اترا تھا۔
رپورٹس کے مطابق صوبہ کہگیلویہ و بویر احمد میں موجود نمائندے نے بتایا کہ پاسداران انقلاب کی جانب سے ایک امریکی ایف-35 طیارہ مار گرائے جانے کے بعد پائلٹ پیرا شوٹ کے ذریعے ایرانی حدود میں اترا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کو پائلٹ کے زندہ ہونے کا شبہ تھا، جس کے پیش نظر اسے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کی کوشش بھی کی گئی۔ تاہم بعض اطلاعات کے مطابق پائلٹ ممکنہ طور پر ایرانی فورسز کی تحویل میں آ چکا ہے۔
ایرانی حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ تاحال اس خبر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وسطی ایران کی فضاؤں میں ایک اور امریکی ایف-35 طیارہ بھی اپنے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا۔
بیان کے مطابق مذکورہ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو کر گر گیا اور اس کا تعلق برطانیہ کے آر اے ایف لیکنهیتھ اسکواڈرن سے بتایا جا رہا ہے۔
THE PUBLIC POST