پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

سپریم کورٹ میں منعقدہ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان، صدر آئینی عدالت ترکیہ قادر اوزکایا، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، چیف جسٹس آزاد کشمیر اور وفاقی آئینی عدالت کے تمام ججز شریک ہوئے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے آئینی عدالت کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج کا ایم او یو دونوں ملکوں میں آئینی گورننس اور بنیادی حقوق کیلئے اہم ہے، یہ محض ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہے۔ اس ایم او یو کے ذریعے دونوں ممالک کی عدلیہ کو ملکر آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ مجھے ترکیہ کی آئینی عدالت کی 63 ویں سالگرہ میں شرکت کا اعزاز ملا، مجھے استنبول میں آرٹیفیشل انٹیلجنس کے ماہرین کا پتہ چلا، میں نے کہا مجھے یہ ماہرین پاکستان میں چاہییں، ان ماہرین نے ہمارے سمپوزیم میں شرکت کی، میں نے کہا اپنے جوڈیشل افسران کو ترکیہ کا جدید عدالتی نظام دکھانا چاہتا ہوں، جوڈیشل افسران کیلئے ترکیہ کے دورے کا انتظام بھی کیا گیا۔

چیف جسٹس آئینی عدالت ترکیہ قادر اوزکایا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نظام انصاف زندگی کا بنیادی جزو ہے، مجھے دیکھ کر خوشی ہوئی پاکستان کے ججز انتہائی اہلیت کے حامل ہیں، ہم اللہ کی حاکمیت پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی بھائی چارہ ہے۔

قادر اوزکایا نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور ترکیہ کیلئے بہت اہم ہے، پاکستان کے عدالتی نظام کو روشن دیکھ رہا ہوں۔ پاکستان اور ترکیہ کے عدالتی نظام میں بہت سی قدریں مشترک ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ معاہدے کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے، جس میں عدالتی تربیت، بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے پر زور دیا جائے گا۔

اس موقع پر ضلعی عدلیہ کی پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون کو بھی اہم محور بنایا جائے گا، جبکہ عدالتی اصلاحات کے شعبے میں باہمی اشتراک بڑھانے پر اتفاق متوقع ہے۔

قادر اوزکایا کی قیادت میں ترک وفد 6 سے 9 اپریل تک پاکستان کے دورے پر ہے۔ ترک وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران ٹیکسلا اور لاہور کے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔

Check Also

نادر آباد: 10 ہزار کی ڈکیتی کی 15 کی کال کا ڈراپ سین

نادر آباد میں مبینہ چوری کی واردات سے متعلق کی گئی 15 کال کا ڈراپ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *