بحیرۂ عمان کے ساحل کے قریب اینٹی سائیکلونک گردش کے باعث شہر کراچی میں موسم گرم ہونے کا امکان ہے۔
ماہرِ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کی وجہ سے سمندری ہوائیں متاثر ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں درجۂ حرارت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے منگل تک کراچی میں درجۂ حرارت بڑھنے کا امکان ہے جہاں مختلف علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
شہر میں نمی میں کمی کے باعث گرمی کی شدت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے۔
ماہرِ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ یہ صورتِ حال ہیٹ ویو نہیں ہے تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ شام یا رات کے اوقات میں ہلکی رفتار سے سمندری ہوائیں دوبارہ بحال ہو جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی درجۂ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اپریل کے آخر یا مئی کے آغاز میں کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
THE PUBLIC POST