کراچی: رضا آفریدی، چیئرمین پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو آخری امتحان کے دن موٹرسائیکل دینے سے گریز کریں کیونکہ پیپر ختم ہونے کے بعد طلبہ اکثر ساحلِ سمندر کا رخ کرتے ہیں جہاں ون ویلنگ جیسے خطرناک اسٹنٹس کرتے ہیں جو کسی بھی وقت جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ رجحان ہر سال دیکھنے میں آتا ہے اور کئی نوجوان محض لاپرواہی کے باعث حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور بچوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔
رضا آفریدی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ امتحانات کے آخری دنوں میں خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں، خصوصاً ساحلی علاقوں اور مصروف شاہراہوں پر نگرانی بڑھائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی زندگی قیمتی ہے اور معمولی سی احتیاط بڑے نقصان سے بچا سکتی ہے، اس لیے مشترکہ ذمہ داری کے تحت والدین اور ادارے مل کر نوجوانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
THE PUBLIC POST