کراچی کے علاقے لسبیلہ پل کے قریب واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی کی مین لائن سے بڑے پیمانے پر چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق 33 انچ کی مرکزی پانی کی لائن سے خفیہ سرنگ کے ذریعے غیر قانونی کنکشن بنایا گیا تھا جس کے ذریعے پانی کی چوری جاری تھی۔
کارروائی کے دوران موقع سے 80 ہارس پاور کی ہائی سکشن مشین اور 4 انچ قطر کی پائپ لائن برآمد کر لی گئی۔ حکام کے مطابق یہ سامان پانی کی غیر قانونی نکاسی اور ترسیل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے میں ملوث دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق شہر میں پانی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
THE PUBLIC POST