ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی نئی تفصیلات منظرعام پر، مقام بدستور راز

عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی سے متعلق نئی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جنہوں نے مداحوں کے تجسس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ معروف جوڑا 3 جولائی کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ شادی کی تقریب نیویارک سٹی کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے، تاہم تقریب کے حتمی مقام کو تاحال خفیہ رکھا گیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’’مڈل آف مین ہٹن‘‘ کی اصطلاح کئی مشہور مقامات کی جانب اشارہ کرتی ہے، جن میں راک فیلر سینٹر، ریڈیو سٹی میوزک ہال، سینٹرل پارک اور نیویارک پبلک لائبریری شامل ہیں، تاہم کسی ایک مقام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے اپنے قریبی دوستوں اور عزیزوں کو ذاتی طور پر ’’سیو دی ڈیٹ‘‘ پیغامات ارسال کیے ہیں، لیکن تقریب کے مقام کی تفصیلات ابتدائی طور پر پوشیدہ رکھی گئیں۔ بعض مہمانوں کو مبینہ طور پر ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے مزید معلومات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ باضابطہ دعوت ناموں کے اجرا کے حوالے سے ابھی تک کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ جوڑا تقریب کی رازداری اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کر رہا ہے تاکہ میڈیا کی غیر معمولی توجہ اور عوامی ہجوم سے بچا جا سکے۔

اس سے قبل یہ افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں کہ شادی نیویارک کے بجائے رہوڈ آئی لینڈز میں منعقد ہو سکتی ہے، تاہم تازہ اطلاعات مین ہٹن کو تقریب کا ممکنہ مرکز قرار دے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے گزشتہ برس اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں کی محبت کی کہانی عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا پر مسلسل توجہ حاصل کرتی رہی ہے، جبکہ اب ان کی متوقع شادی بھی مداحوں کے درمیان ایک گرم موضوع بنی ہوئی ہے۔

تاہم اب تک نہ ٹیلر سوئفٹ اور نہ ہی ٹریوس کیلسی نے شادی کی تاریخ، مقام یا دیگر تفصیلات کی باضابطہ تصدیق کی ہے، جس کے باعث تمام دعوے فی الحال غیر مصدقہ رپورٹس اور ذرائع تک محدود ہیں۔

Check Also

کل تک دشمن، آج بہنیں! راکھی ساونت اور شرلین چوپڑا کی ڈرامائی انداز میں دوبارہ دوستی

بالی ووڈ کی تنازعات سے بھرپور دو شخصیات راکھی ساونت اور شرلین چوپڑا ایک بار …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *