کراچی:سانحہ گل پلازہ کیس میں پولیس نے تنویر پاستا اور اس کے ساتھیوں کو سانحے کا ذمے دار قرار دے دیا اور چالان پیش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقدمے کے چالان میں تنویر پاستا، حذیفہ عمار اسماعیل، امین، محمد رمضان اور نعمت اللہ کو ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔ ملزم تنویر پاستا یونین صدر، عمار اسماعیل نائب صدر، امین جنرل سیکریٹری، محمد رمضان جوائنٹ سیکریٹری ہیں جب کہ نعمت اللہ آگ لگنے والی دکان کا مالک ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن نے پولیس کا پیش کردہ چالان اعتراضات لگا کر واپس کردیا اور پولیس کی تفتیش کو ناکافی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن نے چالان کے ساتھ انکوائری کمیشن کی رپورٹ منسلک کرنے کا کہا ہے، ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ گل پلازہ کے اردگرد کی بلڈنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شامل کی جائیں، پولیس نے پھولوں کی دکان کے اردگرد سے کسی چشم دید گواہ کو ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے 4 صفحات پر مشتمل چالان اور سیکڑوں دیگر دستاویزات پراسیکیوشن کو فراہم کی تھیں۔
THE PUBLIC POST