صاحبہ افضال نے شوہر کے ساتھ اپنی محبت بھری دلچسپ یادیں شیئر کر دیں

پاکستان کی معروف فلم اور ٹیلی ویژن اداکارہ صاحبہ افضال نے اپنے شوہر افضال خان کے ساتھ جڑی محبت بھری اور دلچسپ یادیں شیئر کر دی ہیں۔

صاحبہ نے حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ظاہری حسن سے زیادہ افضال خان کی شخصیت اور خوبیوں سے محبت ہو گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک صاف دل انسان تھے اور ان کی عادات انہیں بے حد پسند آئیں۔

انہوں نے کہا کہ اُس وقت افضال خان مجھے اکشے کمار لگتے تھے، اور میں اکشے کمار کی بہت بڑی مداح ہوں، میں اپنی محبت کی کہانی کے آغاز کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ ہمارے بچے اب بڑے ہو چکے ہیں۔

صاحبہ نے مزید کہا کہ ابتداء میں ریمبو نے اپنی محبت کا اظہار بہت ہلکے انداز میں گانا گاکر کیا۔ انہوں نے گانا ‘صاحبہ او صاحبہ’ گایا، اور یہی ہمارا پہلا تعلق تھا، چھوٹے چھوٹے اشارے بھی تھے، جیسے پھول دینا وغیرہ۔

انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعد میں فلم ’ہاتھی میرے ساتھی‘ کی شوٹنگ کے دوران افضال خان نے ان کی جان بچائی۔ وہ سجاد علی کے مشہور گانے ’بابیا‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے کہ دوڑتے ہوئے وہ پانی میں ڈوبنے لگیں، جس پر افضال خان نے انہیں بچایا۔ صاحبہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اب افضال خان مذاق میں کہتے ہیں کہ شاید انہیں انہیں بچانے پر پچھتاوا ہے۔

شادی کے بعد تعلقات کی گہرائی پر بات کرتے ہوئے صاحبہ نے کہا کہ شادی کے بعد رشتے مزید مضبوط ہو جاتے ہیں۔ اگر وہ شادی سے پہلے ایک دوسرے کے ساتھ نہ ہوتیں تو شاید وقت کے ساتھ ایک دوسرے کو بھول سکتی تھیں، لیکن شادی کے بعد ایک دوسرے کے بغیر رہنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تو دونوں کو موت کا خیال بھی خوف زدہ کر دیتا ہے اور وہ زندگی کو اسی زاویے سے دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اکثر اس موضوع پر بات کرتے ہیں۔ افضال خان کہتے ہیں کہ وہ صاحبہ کے بغیر جی سکتے ہیں، جبکہ صاحبہ کہتی ہیں کہ افضال خان ان کے بغیر تو جی لیں گے، لیکن وہ خود ایسا نہیں کر سکتیں۔

واضح رہے کہ صاحبہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1990 کی دہائی میں فلمی صنعت سے کیا۔ انہوں نے اپنے کوسٹار افضال خان (ریمبو) سے شادی کی، اور یہ جوڑا تقریباً تین دہائیوں سے ایک ساتھ زندگی گزار رہا ہے۔ صاحبہ کے دو بیٹے ہیں، جن میں سے ایک اب ایک معروف پاکستانی اداکار بھی بن چکا ہے۔ صاحبہ نے حال ہی میں دوبارہ ٹیلی ویژن اسکرین پر اداکاری کا آغاز کیا ہے۔

Check Also

سلمان خان کی روبوٹ سےہچکچاہٹ بھری ملاقات وائرل

دنیا بھر کے لوگ سلمان خان کے ساتھ سیلفی لینے یا ہاتھ ملانے کے لیے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *