اسکولوں سے متعلق بڑا اعلان، شدید گرمی کے باعث یکم جولائی سے نئے احکامات نافذ

لاہور:صوبے بھر میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں سمر کیمپ کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یکم جولائی سے کسی بھی اسکول کو سمر کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اس سے قبل صرف 30 جون تک محدود مدت کے لیے سمر کیمپ منعقد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ پابندی کا مقصد طلبہ اساتذہ اور دیگر عملے کو شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنا ہے حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث بچوں کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی کے بعد کسی بھی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے کی جانب سے سمر کیمپ کا انعقاد قواعد کی خلاف ورزی تصور ہوگا ایسے اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں بھاری جرمانہ شوکاز نوٹس اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں اسکول کا لائسنس منسوخ کرنے جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود تعلیمی اداروں کو فوری طور پر نئے احکامات سے آگاہ کریں اور ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو یکم جولائی سے مختلف اسکولوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کریں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سمر کیمپ پر پابندی صرف بچوں کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے عائد کی گئی ہے کیونکہ شدید گرمی میں تعلیمی سرگرمیوں کے لیے طلبہ کی اسکول آمد ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب متعدد والدین نے محکمہ تعلیم کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بچوں کو آرام کے ساتھ ساتھ اسکول کی جانب سے دیا گیا تعطیلاتی ہوم ورک مکمل کرنے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ نئی تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز پر انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Check Also

لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن پڑھنے کے دوران گھر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق

کاہنہ میں ٹیوشن پڑھنے کے دوران گھر کی چھت گرنے سے متعدد بچے دب گئے، …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *