کراچی : ٹرانسپورٹرز نے پیر سے ملک گیر مکمل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا نئی لوڈنگ مکمل طور پر بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے پیر کی دوپہر 12 بجے سے ملک گیر مکمل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی پیر کو دوپہر 12 بجے کے بعد مکمل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا سندھ اور وفاقی حکومت ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنماؤں اور ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیر سے نئی لوڈنگ مکمل طور پر بند رہے گی، جبکہ گاڑیوں کو صرف موجودہ مال اتارنے تک محدود وقت دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہڑتال اور احتجاج مکمل پرامن ہوگا اور سڑکیں بلاک نہیں کی جائیں گی۔
ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں، ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ اور حکومت کے ساتھ کیے گئے سابقہ معاہدوں پر عملدرآمد بھی مطالبات میں شامل ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے وزیر پیٹرولیم اور پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مطالبات آئینی اور قانونی حدود کے اندر ہیں، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید سخت کردیا جائے گا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق ٹرانسپورٹ رہنماؤں کی وفاقی حکومت سے ملاقات ہوئی، جس میں مسائل پر بریفنگ دی گئی اور وفاقی وزیر کو دسمبر میں کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد کی یاد دہانی کرائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پیر کو مذاکرات کا مزید دور ہوگا، جس کے لیے آل پاکستان سطح پر ٹرانسپورٹرز کی مشترکہ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔
کمیٹی میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے نمائندے شامل ہیں، جبکہ اسلام آباد میں حکومتی سطح پر ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر مذاکرات ہوں گے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود وہ مسلسل نقصان برداشت کرتے ہوئے گاڑیاں چلا رہے ہیں اور حکومت کو ان کے مسائل فوری حل کرنے چاہئیں۔
THE PUBLIC POST