سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا

پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے حکم کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج ہی اسلام آباد کے نجی اسپتال شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی بانی کے ہمراہ ہونگے، اسپتال کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائیگی ،عمران خان آئندہ سماعت تک اسپتال میں رہیں گے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسپتال منتقلی کے حکم پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو نوٹس ہی جاری نہیں کیا گیا، عدالت نے حکومت کا اعتراض بھی حکم نامے کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان قوم کے لیڈر، پاکستان کے سب سے مقبول ترین اور قبول ترین لیڈر ہیں، عدالتوں کا کام انصاف دینا ہے، صرف ایک جج کھڑا ہو گیا تو تمام ججز کو طاقت مل جائے گی۔

سُہیل آفریدی نے مزید کہا کہ آج کا فیصلہ ظلم اور فسطائیت کا ازالہ نہیں کر سکتا، ہم چاہتے ہیں مزید انصاف ہو۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو علاج کے لئے شفاء انٹرنیشنل لایا جا رہا ہے ،یہ انتہائی خوش آئند ہے،ہم حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں،ہمیں مل جل کر معاملات کو حل کرنا چاہیے۔

پاکستان تحریک اںصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ خوش آئند فیصلہ ہے، ہم سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،اب اس پر عملدرآمد کرنا انتظامیہ کا کام ہے،ہمارے دیگر اسیر رہنماؤں کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔

Check Also

جیل انتظامیہ نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کر لئے

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *