کراچی:سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوگیا، جس کے ساتھ ہی مارکیٹ میں گیس کی قیمتوں میں بھی من مانے اضافے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔
اوگرا نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 254 روپے 32 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم شہر میں ایل پی جی 370 سے 520 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمت کے درمیان 266 روپے فی کلو تک کا فرق سامنے آیا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں ڈیلرز سے ایل پی جی مہنگے داموں مل رہی ہے، اس لیے سرکاری نرخ پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث انہیں متبادل کے طور پر ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف گیس کا بل ادا کرنا پڑتا ہے اور دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے دوران مہنگی ایل پی جی خریدنے پر بھی مجبور ہیں۔
THE PUBLIC POST