اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں تھانہ راوی کے اے ایس آئی کی دورانِ ڈیوٹی کرسی اور میز سجا کر سالن پکانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
اوکاڑہ میں تھانہ راوی کے اے ایس آئی محمد شفیق نے دورانِ ڈیوٹی کرسی اور میز سجا کر چولہے پر سالن پکایا، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں اے ایس آئی کو غیر نمونہ پولیس یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی محمد شفیق کو غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل پر معطل کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اے ایس آئی محمد شفیق کو چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ ڈی ایس پی لیگل کو مکمل محکمانہ تحقیقات کے لیے انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اے ایس آئی کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا ہے کہ پولیس میں غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے محکمہ پولیس کی ساکھ متاثر کرنے والے عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
THE PUBLIC POST