مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشتگرد ہلاک کردیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ضلع مستونگ میں کامیاب کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کو کامیابی سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے اور ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب پشین میں پولیس، اے ٹی ایف اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ سے ملحقہ علاقوں سرانان، کلی اجرم، کلی سلطان، کلی مسافر اور گردونواح میں کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ آپریشن میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلہ میں 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان کے مطابق فائرنگ کے باعث سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک مبینہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایاجاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق مبینہ دہشتگردوں سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک دہشتگرد گزشتہ کچھ عرصہ سے فورسز اورعام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، جن کی لاشوں کو کوئٹہ اسپتال منتقل کر دیا گیا،تاحال شناخت عمل میں نہیں آئی ہے۔
THE PUBLIC POST