بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے بیٹوں تیمور اور جے کے لیے موبائل فون اور اسکرین ٹائم سے متعلق سخت اصول کا انکشاف کیا ہے۔
45 سالہ اداکارہ نے شوہر سیف علی خان کے ساتھ اپنے بچوں کی پرورش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں بچوں کے ہاتھ میں موبائل فون دینے کے معاملے میں خاصی محتاط ہوں۔
ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کرینہ کپور نے کہا ہے کہ میرے بیٹوں کو ذاتی موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اداکارہ نے بتایا ہے کہ تیمور کی آیا کے پاس موبائل فون ہے جسے تیمور اپنا فون سمجھتا ہے، تاہم میں اسے واضح طور پر کہتی ہوں کہ یہ اس کا فون نہیں ہے، تیمور نے یہاں تک پوچھا کہ کیا میں اپنے دوستوں کو بتا سکتا ہوں کہ یہ میرا فون ہے، لیکن میں نے اس کی اجازت بھی نہیں دی۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ میں بچوں کے حوالے سے ڈیجیٹل دنیا کے معاملے میں بہت محتاط ہوں، تاہم بچے مجھے اور اپنے والد سیف علی خان کو بھی فون استعمال کرتے دیکھتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق جب بچے موبائل پر مسلسل کھیل میں مصروف رہتے ہیں تو مجھے ان کے ہاتھ سے فون چھیننا پڑتا ہے۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات کے حوالے سے بھی خاصی فکر مند ہوں۔
دوسری جانب کرینہ کپور اپنی نئی فلم ’دائرہ‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ پرتھوی راج سوکمارن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دائرہ‘ 18 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی۔
THE PUBLIC POST