کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کردی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ پابندی تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں کوئی بھی لائسنسنگ اتھارٹی نیا اسلحہ لائسنس جاری نہیں کرسکے گی۔
نئے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے اجرا پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ نئے آرمز ڈیلرشپ لائسنس جاری کرنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
ترجمان کے مطابق فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے اور تمام متعلقہ لائسنسنگ حکام کو اس حوالے سے سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ہے۔ کسی بھی اتھارٹی کو نئے اسلحہ لائسنس یا نئے آرمز ڈیلرشپ لائسنس جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی مجاز اتھارٹی کی جانب سے دی گئی خصوصی اجازت پر لاگو نہیں ہوگی۔
غیرمعمولی اور خصوصی نوعیت کے کیسز میں اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت دی جاسکے گی، تاہم اس کے لیے مجاز اتھارٹی سے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگی۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ خصوصی نوعیت کے کیسز میں بھی لائسنس جاری کرنے کا عمل متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگا۔ ایسے کیسز میں وزیر داخلہ سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری درکار ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پابندی کے فیصلے سے متعلق تمام متعلقہ محکموں اور لائسنسنگ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ انہیں نئے اسلحہ لائسنس اور آرمز ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا سے مکمل طور پر گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔
THE PUBLIC POST