کراچی: اتحاد ٹاؤن جدہ ہزارہ کالونی میں گھر کے اندر ڈکیتی کی بڑی واردات، لاکھوں مالیت کا سامان لوٹ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واردات رات تقریباً 3 بجے پیش آئی جب 5 سے زائد مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے۔ اس وقت گھر میں 6 خواتین سمیت 10 افراد موجود تھے جنہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا گیا۔
متاثرہ خاندان کے سربراہ کے مطابق ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو ایک کمرے میں بند کر کے اطمینان سے واردات کی۔ ملزمان نے الماری سے تقریباً 25 تولہ سونا، ساڑھے 18 لاکھ روپے نقدی، 6 موبائل فونز اور ایک لائسنس یافتہ رائفل لوٹ لی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکو رات 3 بجے داخل ہوئے اور صبح 5 بجے تک گھر میں موجود رہے۔ اہلخانہ کے مطابق زیورات بیٹیوں کی شادی کے لیے رکھے گئے تھے جنہیں بھی لوٹ لیا گیا۔
واردات کے بعد متاثرہ خاندان نے مددگار 15 پر اطلاع دی۔ متاثرہ سربراہ نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
THE PUBLIC POST