عالمی اور مقامی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں آج فی تولہ سونا 12 ہزار 800 روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ، 38 ہزار، 136 روپے پر آ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 973 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 75 ہزار 631 روپے کا ہو گیا۔
اس کے علاوہ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 325 روپے کم ہو کر 6 ہزار 578 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 128 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 156 ڈالر پر آ گیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
THE PUBLIC POST