کراچی: شہرِ قائد میں پولیس اہلکار بھی ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کریمینلز سے محفوظ نہ رہے، جہاں تھانہ سچل اور تھانہ کورنگی کی حدود میں ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو ہی لوٹ لیا۔
پہلا واقعہ تھانہ سچل کی حدود میں پیش آیا، جہاں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر بے باک راہزنوں نے فائرنگ کر کے ایک پولیس انسپکٹر کو زخمی کر دیا۔ زخمی انسپکٹر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ تھانہ کورنگی کی حدود میں رونما ہوا، جہاں ڈیوٹی سے واپس گھر جانے والے پولیس اہلکار اصغر علی کو ڈاکوؤں نے نشانہ بنایا۔ ڈاکو نہ صرف ان کی وردی رکھوا کر لے گئے بلکہ ان سے 28 ہزار روپے اور موبائل فون بھی چھین کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ پولیس اہلکار اصغر علی کی جانب سے اس واقعے کی باضابطہ اطلاع متعلقہ تھانے میں جمع کرا دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
THE PUBLIC POST