پاکستانی فلموں کی اداکارہ صاحبہ ریمبو نے اقربا پروری (نیپوٹزم) کے حوالے سے اپنے بیٹے احسن افضل خان کو دی گئی نصیحت سے پردہ اٹھا دیا۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اداکارہ نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے بیٹے احسن افضل خان کے کیریئر اور اس میں اقربا پروری کے ممکنہ کردار پر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ میں اپنے بیٹے سے کہہ چکی ہوں کہ شوبز انڈسٹری میں چاہے کتنی ہی بڑی کامیابی کیوں نہ حاصل کر لو، لوگ تمہاری کامیابی کو ہمیشہ ہم سے جوڑیں گے۔
صاحبہ نے انکشاف کیا کہ ہم نے اپنے بیٹے کے کیریئر کی خاطر کراچی منتقل ہونے کا فیصلہ کیا، اگرچہ ہم فلمی دنیا میں نمایاں مقام رکھتے تھے، لیکن ٹیلی وژن ڈراموں کی صنعت میں اپنی جگہ بنانے کے لیے ہمیں اب بھی محنت کرنا پڑ رہی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ کراچی میں پروڈیوسرز کے ساتھ ہماری ایسی قریبی شناسائی نہیں ہے جس سے کام حاصل کرنے میں آسانی ہو، اس لیے ڈراموں کی دنیا میں اپنے قدم جمانے کے لیے ہمیں خود بھی مسلسل کوششیں کرنا پڑ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احسن کو بھی ہر موقع خود اپنی کوششوں سے حاصل کرنا پڑتا ہے، لیکن اس کے باوجود لوگ اس کے معاملے میں اقربا پروری کا تاثر قائم رکھتے ہیں۔
صاحبہ کے مطابق والدین کی شہرت کسی فنکار کے لیے مواقع حاصل کرنے کا سبب بن سکتی ہے، تاہم اس کے بعد اپنی صلاحیتوں کو منوانے اور انڈسٹری میں مقام بنانے کے لیے محنت کرنا بھی ضروری ہے۔
THE PUBLIC POST