حوثیوں کا سعودی فوج، ریاض ایئرپورٹ اور تیل کی پائپ لائن پر حملوں کا دعویٰ

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے صوبے جازان میں سعودی فوج کے ٹھکانوں، ریاض ایئرپورٹ اور تیل کی پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشن پر حملوں کے دعوے سامنے آئے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔ سعودی عرب نے تیل کی برآمدات جاری رکھنے کے لیے اپنی مشرق سے مغرب تک پھیلی پائپ لائن کے ذریعے روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل خام تیل بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع منتقل کرنا شروع کر رکھا ہے۔ یہ مقدار عالمی تیل کی رسد کا تقریباً 4 فیصد ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں کے یہ دعوے سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جازان میں حوثیوں کا حملہ خطرہ ٹلنے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئے ہیں۔ تاہم سعودی حکام نے ان حملوں کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی اور یہ بھی واضح نہیں کہ جازان میں میزائل حملے کا تعلق اس سے پہلے جاری کیے گئے ہنگامی انتباہ سے تھا یا نہیں۔

رائٹرز کے مطابق حوثیوں نے جمعہ کو ایک بیان میں جازان صوبے کے علاقے الطوال میں سعودی فوج کے ٹھکانوں پر 2 بیلسٹک میزائل داغنے کا دعویٰ کیا تھا۔ بعدازاں ایک الگ بیان میں سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک پھیلی تیل کی پائپ لائن کے ایک پمپنگ اسٹیشن پر بھی حملے کا دعویٰ کیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں میں روز بروز شدت آرہی ہے۔ اس سے قبل 8 نومبر کو سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے ریاض اور سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغے گئے 2 بیلسٹک اور 2 کروز میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی اتحاد کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا میزائل حملہ تھا۔

واضح رہے کہ جازان سعودی عرب کا جنوب مغربی صوبہ ہے جس کی سرحد یمن سے ملتی ہے۔ یہاں سعودی آرامکو کی ایک آئل ریفائنری بھی واقع ہے جہاں روزانہ 4 لاکھ بیرل خام تیل صاف کرنے کی گنجائش ہے۔ اس علاقے میں ماضی میں بھی حوثی باغیوں کی جانب سے فوجی تنصیبات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب یمن میں حوثیوں اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے درمیان لڑائی میں بھی شدت آئی ہے۔ رائٹرز کے مطابق حوثیوں نے ستمبر میں آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی کی تھی جس کے بعد لڑائی میں اضافہ ہوا۔ باب المندب بحیرہ احمر کے جنوبی داخلی راستے پر واقع ایک اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے جہاز گزرتے ہیں۔

Check Also

خلیج تعاون کونسل کا ایران سے جنگی نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ

خلیج تعاون کونسل نے ایران سے جنگی نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *