روم: اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے کا کہنا ہے کہ لیگل مائیگریشن کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبرکو ساڑھے 10ہزار ویزے فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روم میں اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی جس میں داخلی سکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ لیگل مائیگریشن کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبرکو ساڑھے 10ہزار ویزے دیں گے جبکہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ والوں کو ویزے سے استثنیٰ دیں گے۔
میٹیو پینٹے ڈوسی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ کی بات کی تھی۔
دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی ملاقات میں انسداد منشیات و انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا، دونوں نے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی سے غیرقانونی امیگریشن کم ہوئی۔
اطالوی وزیرداخلہ نے غیرقانونی امیگریشن کےخلاف پاکستان کی مؤثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، منشیات کےخلاف پاکستان کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھائیں گے، پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔
THE PUBLIC POST