ڈیری مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس کم کرنے کی تجویز زیر غور

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈیری مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کرنے کی تجویز تیار کرنے کی ہدایت دے دی، جس سے صارفین اور ڈیری شعبے کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

پیر کے روز پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں وزیر تجارت نے کہا کہ ڈیری سیکٹر کو درپیش مسائل، بالخصوص ٹیکس اور ٹیرف سے متعلق چیلنجز، فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں ڈیری مصنوعات پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد ہے، جبکہ دنیا کے کئی ممالک اور خطے میں ان پر یا تو ٹیکس نہیں یا بہت کم ہے۔ اس پر وزیر تجارت نے ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ ٹیکس کو 10 فیصد تک لانے کے لیے جامع سفارشات تیار کی جائیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ ڈیری شعبے کی ترقی کے لیے مویشیوں کی بہتر نسل، کسانوں کی تربیت اور شعبے کو باقاعدہ کاروباری نظام میں لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مناسب جینیاتی بہتری کے بغیر دودھ کی پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں۔

اجلاس میں کسانوں کے لیے مالی معاونت، بینکاری سہولیات، صرف معیاری اور پیک شدہ دودھ کی فروخت کو یقینی بنانے، اور بڑے شہروں میں پائلٹ منصوبے شروع کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

وزیر تجارت نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ ڈیری شعبے کو مستحکم بنایا جا سکے اور ملکی معیشت میں اس کا کردار مزید مؤثر ہو۔

Check Also

مونا لیزا کا بولڈ امیج پر افسوس، ماضی کے فیصلوں پر پچھتاوا

پاکستانی اداکارہ مونا لیزا (سارہ لورین) نے اپنے ماضی کے بولڈ امیج پر افسوس کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *