وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہو چکا ہے، تاہم یہ مرض اب بھی صرف پاکستان اور افغانستان میں موجود ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال سجاول میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے دوران خواتین اہلکار بھی فعال کردار ادا کر رہی ہیں، جو اس مہم کی کامیابی میں اہم ہیں۔
انہوں نے لیاری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے حوالے سے کہا کہ اس منصوبے پر ابتدائی طور پر تحفظات سامنے آئے، تاہم تنقید سے ہی بہتر کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ گزشتہ 50 برسوں سے جو قوتیں ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کرتی تھیں، انہیں اسلام آباد میں ایک میز پر لانا ایک بڑی پیش رفت ہے، اور سفارت کاری ایک مسلسل عمل ہے، جس میں بلاول بھٹو زرداری بھی بھرپور انداز میں متحرک رہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف عدالتی احکامات موجود ہیں۔
THE PUBLIC POST