نہار منہ بھیگی میتھی کے بیج،صحت کےلیے قدرتی طاقت کا خزانہ

میتھی کے بیج صدیوں سے روایتی طب کا حصہ رہے ہیں، اور اب جدید سائنسی تحقیق بھی ان کے طبی فوائد کی توثیق کر رہی ہے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق اگر میتھی کے بیج رات بھر پانی میں بھگو کر صبح نہار منہ استعمال کیے جائیں تو ان کی افادیت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، اور یہ جسم کے لیے قدرتی توانائی کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔

غذائیت کے اعتبار سے یہ بیج نہایت قیمتی ہیں، جن میں فائبر، آئرن، پروٹین اور وٹامنز (اے، بی، سی، کے) کے ساتھ ساتھ اہم معدنیات جیسے میگنیشیم، مینگنیج اور پوٹاشیم شامل ہوتے ہیں۔ یہ تمام اجزاء جسمانی صحت کو بہتر بنانے اور مختلف امراض سے تحفظ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق بھیگی ہوئی میتھی خصوصاً خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔ اس میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کی رفتار کو سست کرتا ہے، جس کے باعث کاربوہائیڈریٹس اور گلوکوز کے جذب ہونے کا عمل کم ہو جاتا ہے۔ مزید برآں، اس میں پائے جانے والے بعض مرکبات انسولین کی پیداوار میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، جو ذیابیطس کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

نظامِ ہاضمہ کے لیے بھی میتھی کے بیج نہایت مفید تصور کیے جاتے ہیں۔ ان کا فائبر آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش کو فروغ دیتا ہے، جس سے قبض، گیس، تیزابیت اور اپھارے جیسے مسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ اسی بنا پر اسے ایک قدرتی ہاضمہ معاون غذا قرار دیا جاتا ہے۔

وزن میں کمی کے خواہاں افراد کے لیے بھی میتھی مفید ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس کا فائبر معدے کو طویل عرصے تک بھرے ہونے کا احساس دیتا ہے، جس سے غیر ضروری خوراک کے استعمال میں کمی آتی ہے۔ مزید یہ کہ اس میں موجود پروٹین اور معدنیات پٹھوں کی مضبوطی اور جسمانی تھکن کے خاتمے میں مدد فراہم کرتے ہیں، خصوصاً ورزش کے بعد۔

دل کی صحت کے حوالے سے بھی میتھی کے بیج اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ یہ مضر کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں، جس سے دل کے امراض کے خطرات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بھی میتھی کا استعمال فائدہ مند بتایا جاتا ہے، کیونکہ اس سے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔ تاہم طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ حاملہ خواتین اور ذیابیطس کے مریض میتھی کو اپنی روزمرہ غذا میں شامل کرنے سے قبل معالج سے ضرور رجوع کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

Check Also

سندھ: ابتک منکی پاکس سے 9 اموات رپورٹ

سندھ میں منکی پاکس سے اب تک 9 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ محکمۂ صحت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *