خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے شہر چکدرہ میں نابالغ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیس میں عدالت نے ملزم کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ اوچ کی حدود میں واقع ایک گاؤں کی مسجد کے پیش امام پر الزام تھا کہ اس نے 7 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کی، جس کے شواہد مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم قاری باچا سلطان کو گرفتار کیا اور بعد ازاں چالان عدالت میں پیش کیا۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے شواہد اور دلائل کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مجموعی طور پر 21 سال قید اور 11 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق دفعہ 376 کے تحت 14 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت 7 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کی سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 4 نومبر 2024 کو اس وقت پیش آیا جب ملزم نے نماز عصر کے بعد بچے کو مسجد کے اندر اپنے کمرے میں لے جا کر جرم کا ارتکاب کیا۔ پولیس نے واقعے کو مسجد کے تقدس کی پامالی قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا۔
THE PUBLIC POST