کراچی میں ریسٹورینٹ پر اندھا دھند فائرنگ سے گداگر زخمی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی: گرومندر کے علاقے میں واقع ایک نجی ریسٹورینٹ پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 63 سالہ شخص زخمی ہوگیا جبکہ فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد ریسٹورینٹ کے باہر پہنچے اور دروازے کی جانب فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر 63 سالہ ریاض زخمی ہوگیا جو مبینہ طور پر گداگری کرتا ہے۔

فائرنگ کے نتیجے میں ریسٹورینٹ کے شیشے کے دروازے کو بھی نقصان پہنچا اور وہ ٹوٹ گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے پانچ خول برآمد کیے ہیں جبکہ گولیوں سے بھرا ایک میگزین بھی ملا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فرار ہوتے ہوئے ملزمان سے میگزین گر گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے سے شواہد جمع کیے گئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں فائرنگ کے بعد زخمی ہونے والے شخص کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملزمان واردات کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورینٹ کے مالک کو کسی قسم کی بھتے کی کال موصول نہیں ہوئی تاہم فائرنگ کے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Check Also

پمز میں 14 بچوں کی ہلاکت؛وزیراعظم کمیٹی کی رپورٹ پر پولیس کارروائی شروع

اسلام آباد: پمز اسپتال میں 14 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیراعظم کی قائم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *