کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں شرپسندوں نے انسداد پولیو ٹیم کے سکیورٹی سکواڈ پر فائرنگ کر دی جس سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق حملہ آور شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں محمد یاسر اور عبدالروف کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی ٹیم پر حملہ درندہ صفت عناصر کا گھناؤنا اور ناقابل معافی فعل ہے، حملہ کرنے والے درندے عبرتناک انجام کے مستحق ہیں۔
بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بتایا کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے، فتنہ الہندوستان بلوچستان کے امن اور بلوچستان کے بچوں کے مستقبل کا دشمن ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن آئے، ترقی ہو اور بیماریوں کا خاتمہ ہو، فتنہ
الہندوستان نہیں چاہتا کہ بلوچستان کے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھیں۔
THE PUBLIC POST