کراچی میں اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک پر کسٹمز کا وار

کراچی(رپورٹ: عمران خان)کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ کا اسمگلروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کا بھارتی شیشہ، حقہ فلیورز، گٹکا، چھالیہ، ایرانی اشیائے خورونوش اور پیٹرولیم مصنوعات ضبط کرلی گئیں۔ نمائش چورنگی کے قریب ڈمپنگ سائٹ سے بھارتی ساختہ شیشہ اور حقے کا سامان برآمد ہوا جس کی مالیت 3 کروڑ 66 لاکھ 20 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ فرید احمد خان سالارزئی کی ہدایت پر ایڈیشنل کلکٹر یاسر وہاب کلواڑ نے خفیہ اطلاع پر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ اسسٹنٹ کلکٹر توفیق احمد اور سپرنٹنڈنٹ دانش کلیم کی نگرانی میں انسپکٹر رانا مبشر نے کارروائی کی۔ برآمد شدہ سامان میں حقے کی پائپیں، ہاٹ پلیٹس، گیس چولہے، پیالے، شیشے کے بیس، ماؤتھ پیس اور دیگر لوازمات شامل ہیں۔ بھارتی ساختہ افضال فلیور کے 24 کارٹن سمیت الخیر، پاشا، ملاکی اور الصفوہ کے سیکڑوں ڈنڈے بھی قبضے میں لیے گئے۔

کسٹمز ٹیم نے کاٹھور سپر ہائی وے کے قریب ٹریلر نمبر TAJ-091 پر لدے کنٹینر سے بھارتی ساختہ سفینہ گٹکے کے 12 ہزار 480 پیکٹ برآمد کرلیے، جن میں ایک لاکھ 37 ہزار 280 پڑیاں موجود تھیں۔ گٹکے، ٹریلر اور کنٹینر کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 47 لاکھ 56 ہزار روپے لگائی گئی۔

7 نومبر کو آر سی ڈی ہائی وے پر نیو یوسف گوٹھ ٹرمینل کے قریب دو ٹرالروں پر لدے چار کنٹینرز کی تلاشی کے دوران فیڈ خام مال کی آڑ میں چھپائی گئی 20 ہزار کلو کچلی ہوئی چھالیہ اور 30 ہزار کلو فیڈ خام مال برآمد ہوا۔ چھالیہ کی مالیت 5 کروڑ روپے جبکہ ٹرالروں اور کنٹینرز کی مالیت 2 کروڑ 40 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ فیڈ خام مال کی مالیت لیبارٹری رپورٹ کے بعد طے ہوگی۔

دوسری جانب لانڈھی میں اسپتال چورنگی کے قریب نیو براق پیٹرولیم سروس پر کارروائی کے دوران ٹینکر نمبر TTD-999 سے 11 ہزار 963 لیٹر پیٹرول اور 6 ہزار 750 لیٹر ڈیزل سمیت 18 ہزار 713 لیٹر تیل ضبط کیا گیا۔ تیل اور ٹینکر کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 91 لاکھ 40 ہزار روپے بتائی گئی۔ کارروائی ایس پی ایس نعیم احمد اور ایم توصیف اکبر کی نگرانی میں کی گئی۔

سپر ہائی وے پر ایک اور کارروائی میں ایرانی ساختہ 80 بیگ اسکِمڈ ملک اور لالائی کیک کے 100 کارٹنوں سے لدا ہینو ریفر ٹریلر نمبر JV-9117 بھی پکڑا گیا۔ سامان اور گاڑی کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 75 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق سڑکوں کے ذریعے اسمگلنگ میں اضافے کے پیش نظر انٹیلی جنس نیٹ ورک مضبوط اور نگرانی سخت کردی گئی ہے، جبکہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جارہی ہے۔

Check Also

کسٹمز میں بھتہ خوری اور غیر قانونی چیکنگ کے خلاف بڑا ایکشن، اے ایس اوز کے اختیارات چھین لیے گئے!

کراچی(رپورٹ: عمران خان)پاکستان کسٹمز نے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشنز (اے ایس اوز) کے نگرانی اور انتظامی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *