کسٹمز میں بھتہ خوری اور غیر قانونی چیکنگ کے خلاف بڑا ایکشن، اے ایس اوز کے اختیارات چھین لیے گئے!

کراچی(رپورٹ: عمران خان)پاکستان کسٹمز نے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشنز (اے ایس اوز) کے نگرانی اور انتظامی نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ان کا کنٹرول سپرنٹنڈنٹس اور سینئر پریونٹیو افسران سے لے کر اسسٹنٹ اور ڈپٹی کلکٹرز کے حوالے کردیا۔ ٹرانسپورٹرز اور بس ٹرمینلز سے غیر قانونی چیکنگ اور مبینہ بھتہ خوری کی مسلسل شکایات کو اس فیصلے کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔

چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد کے دفتر سے جاری حکم نامے پر کلکٹر ہیڈکوارٹرز ریاض حسین کے دستخط ہیں، جسے کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، حیدرآباد، ملتان، گڈانی اور سرگودھا سمیت 10 انفورسمنٹ کلکٹریٹس کو بھجوا دیا گیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق اے ایس اوز کی نگرانی اب متعلقہ کلکٹر کی جانب سے نامزد اسسٹنٹ یا ڈپٹی کلکٹر کرے گا، جو یونٹ کی کارروائیوں اور عملے کے طرزِ عمل کا براہ راست ذمہ دار ہوگا۔ فیلڈ اسکواڈز انسپکٹرز یا پریونٹیو افسران کی سربراہی میں کام کریں گے اور براہ راست متعلقہ افسر کو رپورٹ کریں گے، درمیان میں نگرانی کا کوئی اضافی درجہ نہیں ہوگا۔

نئی ہدایات کے تحت سڑکوں پر ناکہ بندی، چیکنگ پوائنٹس اور ٹیموں کی تعیناتی بھی اسسٹنٹ یا ڈپٹی کلکٹر کی منظوری سے مشروط کردی گئی ہے، جبکہ کسی بھی گاڑی کو روکنے یا سامان ضبط کرنے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ افسر کو دینا لازمی ہوگی۔

حکم نامے میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز اور بس ٹرمینلز کی جانب سے غیر مجاز چیکنگ اور بھتہ خوری کی بار بار شکایات موصول ہورہی تھیں، جن سے محکمہ کسٹمز کی ساکھ متاثر ہوئی۔ سپرنٹنڈنٹس اور سینئر پریونٹیو افسران کو اب قانونی کارروائی، مقدمات کی تیاری، اپیلوں، فیصلوں اور نیلامی کے امور پر تعینات کیا جائے گا۔ انہیں ضرورت پڑنے پر اینٹی اسمگلنگ کارروائیوں میں شامل کیا جاسکے گا، تاہم وہ اسکواڈز پر نگرانی یا انتظامی اختیار استعمال نہیں کرسکیں گے۔

حکم نامے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے تمام کلکٹرز کو سات روز میں تعمیلی رپورٹ اور اینٹی اسمگلنگ کارروائیوں کی نئی حکمت عملی پیش کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔

Check Also

کراچی میں اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک پر کسٹمز کا وار

کراچی(رپورٹ: عمران خان)کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ کا اسمگلروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مختلف کارروائیوں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *