نیپا چورنگی واقعہ؛ بچے کے گٹر میں گرنے کی تحقیقاتی رپورٹ کے ایم سی نے سیکریٹری بلدیات کو ارسال کر دی

کراچی (پبلک پوسٹ )
کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب CHASE UP اسٹور کے سامنے تین سالہ بچے کے گٹر میں گرنے کے دلخراش واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کے ایم سی نے سیکریٹری محکمہ بلدیات کو بھجوا دی ہے۔

رپورٹ میں حادثے کی بنیادی وجہ بی آر ٹی منصوبے کے تحت کی گئی کھدائی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خراب صورتحال کو قرار دیا گیا ہے۔

کے ایم سی رپورٹ کے مطابق بچے کی لاش گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے برآمد ہوئی، جبکہ جائے وقوعہ کے معائنے میں یہ واضح ہوا کہ حادثہ بی آر ٹی کی کھدائی کے باعث نکاسی آب کے پورے نظام کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے پیش آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گٹروں اور نالوں کو عارضی طور پر صرف دو فٹ کے غیرمعیاری ڈھکنوں سے ڈھانپا گیا تھا، جو حفاظتی تقاضوں کے سراسر منافی تھے۔

کے ایم سی کا کہنا ہے کہ ایسے ڈھکن اس نے کبھی استعمال نہیں کیے۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بی آر ٹی انتظامیہ نے کھدائی سے قبل کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا، جبکہ کام مکمل ہونے کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کو بھی مکمل طور پر نظرانداز کیا۔

کے ایم سی نے واقعے کے لیے بی آر ٹی انتظامیہ اور CHASE UP اسٹور، دونوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے جن کی جانب سے مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام جگہوں کو دوبارہ بھر کر محفوظ بنایا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کی شب تین سالہ بچہ ابراہیم نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔

Check Also

کراچی: پانی اور بجلی کی بندش پر شہریوں کا احتجاج،شارع فیصل اور دیگر علاقوں میں شدید ٹریفک جام

کراچی میں نیشنل ہائی وے پر پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *