لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت رمضان المبارک کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے مستحق افراد کیلئے بڑے امدادی پیکج کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب حکومت نے ایک کروڑ سے زائد افراد کیلئے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کی باضابطہ منظوری دے دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پیکج کے تحت پنجاب بھر کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ رمضان المبارک کے دوران اپنی بنیادی ضروریات باوقار انداز میں پوری کر سکیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ امداد کی فراہمی کا عمل شفاف، تیز اور بلا تعطل ہونا چاہیے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستحق افراد کو رمضان نگہبان کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو ضلعی انتظامیہ کے ذریعے گھرگھرجا کرفراہم کئے جائیں گے تاکہ بزرگوں، خواتین اورمعذورافراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نگہبان کارڈ کے ذریعے مستحقین بینک آف پنجاب کے مقررہ دکانداروں سے اشیائے ضروریہ خرید سکیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ رمضان نگہبان کارڈ کو بینک آف پنجاب کی اے ٹی ایم مشینوں پر بھی ایکٹیویٹ کیا جا سکے گا، جس کے ذریعے نقد رقم حاصل کرنا ممکن ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ رمضان نگہبان پیکج کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
THE PUBLIC POST