پیٹرول کی قیمت میں کمی سے شہری غیر مطمئن،بائیک رائیڈرز تاحال رعایت کے منتظر

اسلام آباد:پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ شب 80 روپے کی کمی سے شہری غیر مطمئن ہیں جبکہ حکومتی اعلان کے باوجود بائیک رائیڈرز تاحال رعایت ملنے کے منتظر ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ شب کمی کے اعلان پر مکمل عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

وفاقی حکومت نے پٹرول 458 روپے سے کم کر کے 378 روپے فی لیٹر مقرر کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پمپس پر نئی قیمتوں میں پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ملک گیر احتجاج کے بعد پٹرول 80 روپے سستا ہونے پر شہریوں نے اس کمی کو مسترد کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں اب بھی عوام اور تنخواہ داروں کی دسترس سے باہر ہیں۔

شہریوں کے مطابق مہنگا پیٹرول ہونے کے نتائج تمام شعبہ زندگی پر پڑتے ہیں، جس کی وجہ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آ چکا ہے، جس میں عام آدمی کا گزارہ کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔

دریں اثنا حکومتی اعلان کے باوجود موٹر سائیکل سواروں کے لیے 100 روپے فی لیٹر کی رعایت سے متعلق ایس او پیز تاحال عملی شکل میں سامنے نہیں آ سکیں، جس سے بائیک رائیڈرز میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں ڈیزل کی قیمت میں کمی نہ کرنے کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ بھی برقرار ہے۔ ٹرانسپورٹ گاڑیاں ڈیزل استعمال کرتی ہیں جو اب بھی ریکارڈ سطح پر مہنگا ہے، جس کی وجہ سے اسٹاپ ٹو اسٹاپ کرایہ 60 روپے تک پہنچ چکا ہے اور عوام پریشان ہیں۔

Check Also

کراچی: نجی بس مالکان نے کرایوں میں اضافہ کردیا

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کراچی میں نجی بس مالکان نے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *