مشرقِ وسطیٰ میں جاری غیر مستحکم حالات کے باعث کراچی سمیت دیہی سندھ کے متعدد شہروں میں نئے پاسپورٹس کے اجرا اور تجدید کی شرح میں تقریباً 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کے اثرات کے سبب پاسپورٹ کے لیے یومیہ درخواستوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ کراچی میں یہ کمی 50 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
جنگی کشیدگی سے قبل کراچی میں روزانہ تقریباً 2 ہزار پاسپورٹ درخواستیں موصول ہوتی تھیں، جو اب کم ہو کر تقریباً 800 رہ گئی ہیں۔ اسی طرح دیہی سندھ کے دیگر شہروں میں قائم پاسپورٹ دفاتر میں درخواستوں کی تعداد 3 ہزار سے گھٹ کر تقریباً 1500 تک محدود ہو گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے عائد سفری پابندیوں اور محدود فضائی آپریشنز کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں حالات معمول پر آنے کے بعد دوبارہ اپنی سابقہ سطح پر بحال ہونے کی توقع ہے۔
THE PUBLIC POST