لاہور، روٹی کی قیمت میں ایک سے 6 روپے کا اچانک اضافہ ہو گیا۔
شہر میں روٹی مزید مہنگی ہو گئی ہے، جہاں سرکاری نرخ 14 روپے کے بجائے مختلف علاقوں میں روٹی 15 سے 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شاد باغ، سمن آباد اور اقبال ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں تنور مالکان نے ازخود قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ تنور مالکان کے مطابق ایل پی جی اور آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث روٹی کی قیمت بڑھائی ہے۔
صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب احمد کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کاروبار کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر گیس اور آٹا سستا فراہم کیا جائے تو روٹی کی قیمت بھی کم کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ سے روٹی کی قیمت میں باضابطہ اضافے کی درخواست بھی کی جائے گی، جبکہ شہریوں نے اچانک مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
THE PUBLIC POST