امریکہ کی ریاست میساچوسٹس کے ساحلی علاقے کیپ کوڈ سے دو رنگوں پر مشتمل ایک نایاب جھینگا دریافت ہوا ہے، جس نے ماہرین کو حیران کر دیا۔
بھورے اور نارنجی رنگ کے امتزاج سے بننے والی اس غیر معمولی مخلوق کو ماہرین قدرت کا انوکھا نمونہ قرار دے رہے ہیں۔ سمندری سائنسدانوں کے مطابق ایسے جھینگے کی دریافت کا امکان تقریباً پانچ کروڑ میں ایک ہوتا ہے۔
یہ جھینگا کشتی کے عملے کے رکن ٹموتھی مائیکل کو ملا، جسے دیکھ کر وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ اس کا وزن تین پاؤنڈ سے زائد ہے اور اس کا جسم سر سے دم تک دو واضح رنگوں میں منقسم ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی منفرد رنگت جینیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہوتی ہے۔
نایاب ہونے کے باعث اس جھینگے کو فروخت یا استعمال کرنے کے بجائے ووڈز ہول سائنس اکویریئم کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں 2027 میں تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اسے عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
THE PUBLIC POST