کراچی میں حب ریور روڈ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران دہشتگرد عبدالجبار سرکی ولد غلام رسول کو کوئٹہ سے کراچی آتے ہوئے رئیس گوٹھ کے قریب رینجرز چیک پوسٹ سے گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزم کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں بھی شامل تھا۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار دہشتگرد نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ جون 2020 میں نیشنل ہائی وے پر منزل پمپ کے قریب رینجرز چوکی پر گرنیڈ حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں دو راہگیر زخمی ہوئے جبکہ چوکی کو بھی جزوی نقصان پہنچا تھا۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
THE PUBLIC POST