پاکستان جنگ کی قیمت کواچھی طرح جانتا ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ کی قیمت کو اچھی طرح جانتا ہے۔

بلاول بھٹو نے بجٹ بحث پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کیلئے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے، ایران امریکہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے امن جنگ سے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان جنگ کی قیمت کو اچھی طرح جانتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خطہ ابھی مکمل طور پر پرامن نہیں ہوا اور بھارت کی جانب سے “سندور ٹو” جیسے بیانات اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہیں جس کے باعث سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے دفاعی ذمہ داریاں مشترکہ طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جو آئین کے دائرے میں رہ کر کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ کے دوران میڈیا پر اٹھارویں ترمیم کے خاتمے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے غیر مصدقہ افواہیں پھیلائی گئیں، جن میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے شکر گزار ہیں کہ سیاسی اتفاق رائے سے جمہوری حل نکالا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق حکومت کے ساتھ طے پایا ہے کہ قومی دفاع کے لیے سب اپنا حصہ ڈالیں گے جبکہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کو محفوظ رکھا جائے گا اور آئندہ دو سے تین سال کی عبوری حکمت عملی کے بعد صوبوں سے مزید مالی مطالبات نہیں کیے جائیں گے۔

Check Also

پاکستان اور ایران کا تجارت کا حجم10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ایران نے دو طرفہ اقتصادی تعاون اور سرحدی تجارت کے فروغ کے عزم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *