بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی تن ساز سید بلال آغا نے بھوٹان میں منعقدہ ساوتھ ایشیا باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
سید بلال آغا نے فائنل مقابلے میں بہترین جسمانی ساخت، فٹنس اور پرفارمنس کی بدولت حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ ان کے کیریئر کا چوتھا بین الاقوامی گولڈ میڈل ہے جو پاکستانی باڈی بلڈنگ کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
کامیابی کے بعد ایوارڈ تقریب میں پاکستان کا قومی پرچم بلند کیا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا، جس سے تقریب میں موجود شرکا نے پاکستان کی اس کامیابی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
سید بلال آغا کی اس کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں، عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان اور پشین کا نام بھی بین الاقوامی سطح پر روشن کیا ہے۔
واضح رہے کہ سید بلال آغا اس سے قبل بھی متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ان کی حالیہ فتح جنوبی ایشیا میں پاکستانی باڈی بلڈنگ کے لیے ایک اور اہم اعزاز سمجھی جا رہی ہے۔
THE PUBLIC POST