امریکی حملوں میں 14 افراد جاں بحق اور 78 زخمی ہوئے، ایرانی وزارت صحت

تہران: ایرانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سے جاری امریکی حملوں میں اب تک 14 افراد جاں بحق جبکہ 78 زخمی ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ امریکی حملوں سے اب تک ملک کے پانچ صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ جہاں امدادی اور طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق صوبہ خوزستان میں آج ہونے والے حملوں میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز صرف ایران کے طے کردہ انتظامات کے تحت کھلی رہے گی اور اسے امریکا کی دھمکیوں یا دباؤ کے تحت ہرگز نہیں کھولا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کی قومی سلامتی اور اس کے تزویراتی مفادات کا اہم حصہ ہے۔ اس لیے اس آبی گزرگاہ سے متعلق ہر فیصلہ صرف ایران کے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ایران کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی کے سامنے جھکنے والا نہیں اور آبنائے ہرمز کے بارے میں فیصلے صرف ایران کے طے کردہ انتظامات اور پالیسی کے مطابق ہوں گے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کی دھمکیوں کے باوجود ایران اپنے مؤقف پر قائم ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا، تاہم قومی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی سلامتی ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

Check Also

پہلے ہی پتہ تھا معاہدہ نہیں ہوگا،ایران جنگ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں، اسرائیل

اسرائیل میں ایک فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ہائی الرٹ پر ہے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *