کراچی: ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے پہیہ جام ہڑتال کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک خدا بخش نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 15 اگست صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک پیٹرول پمپ بند کر دیں گے، پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا، حکومت نے مطالبات نہیں مانے تو پیٹرول پمپس پر کاروبار جاری نہیں رکھ سکیں گے، ڈیلرز نے پیٹرول پر مارجن 8 فیصد ڈیمانڈ کیا ہے۔
ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، 14 ہزار ممبرز کا ہم پر دباؤ ہے، اس وقت تک پیٹرول پمپس نہیں کھولیں گے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
چیئرمین واضح کیا کہ حکومت کو دو ہفتوں کی مہلت دی تھی جو پوری ہوگئی ہے، مہلت کے بعد حکومت کو بذریعہ خط مطلع کیا کہ ہم پر 14ہزار ڈیلرز کا پریشر ہے، ہم نے اخلاقیات کے پیش نظر 15 روز قبل ہڑتال واپس لی، ہم سمجھ رہے تھے کہ حکومت سنجیدہ ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ ایکہ مسئلہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کا ہے، ہمارا ورکنگ کیپیٹل ہی ختم ہو رہا ہے، امکان ہے کہ آج ہی ہمیں حکومت بلا لے اور مسائل حل کرے۔
وائس چیئرمین حاجی امیر خان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیر سگالی کے لیے ہڑتال کو ملتوی کیا تھا، اگر پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ شامل ہوں تو منع نہیں کریں گے، حکومت ہمیں کیوں اتنا حقیر سمجھ رہی ہے کہ صرف ایم این اے ہی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
THE PUBLIC POST