وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ (آگست 2026) کے دوسرے ہفتے بھی ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے کے دوران 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیا سستی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 51 اشیائے ضروریہ میں سے 20 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 24.68 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، چنے کی دال 3.35 فیصد اور مرغی 2.45 فیصد مہنگی ہوگئی ہے۔
اسی طرح ایل پی جی کی قیمت میں بھی 0.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، چائے، سرسوں کا تیل، دہی اور مسور کی دال بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں، سالانہ بنیاد پر ٹماٹر کی قیمت میں 143.77 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیاز 125.75 فیصد اور گندم کا آٹا 77.41 فیصد مہنگا ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو بڑی کمی قرار دی گئی ہے، ٹماٹر 1.26 فیصد، آلو 0.73 فیصد اور ڈیزل 0.29 فیصد سستا ہوا، کیلے، مونگ کی دال، انڈوں اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
مزید بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 55.41 فیصد، ڈیزل 34.05 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 23.02 فیصد اضافہ ہوا، کیلے، مرچ پاؤڈر، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں بھی دو ہندسوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔
سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30 فیصد کمی ہوئی، چینی 17.93 فیصد اور مرغی 17.45 فیصد سستی ہوئی، چنے کی دال، انڈوں اور مونگ کی دال کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
THE PUBLIC POST