سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ،پیپلز بس سروس کے نئے روٹس جلد فعال ہوں گے

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت پیپلز بس سروس کے نئے روٹس جلد فعال ہوں گے۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، جس میں عوامی سفری سہولیات میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پیپلز بس سروس کی توسیع، ڈبل ڈیکر بسز، ای وی ٹیکسی سروس، پنک اسکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کو صوبے میں پیپلز بس سروس کے جاری آپریشنز اور مختلف شہروں میں سروس کی توسیع سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ قمبر شہداد کوٹ تا لاڑکانہ روٹ پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جا رہی ہے، بسیں لاڑکانہ پہنچ چکی ہیں۔ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد اور آپریشنل معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنل ماڈل اور سروس کے آغاز کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ نئے روٹس پر بس سروس کے آغاز کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا مقصد عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے، 5 ستمبر کو میرپورخاص میں پنک اسکوٹیز تقسیم کرنے جا رہے ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے اور ضروری سرگرمیوں تک آسان رسائی کے لیے پنک اسکوٹیز پروگرام انقلابی قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔ سندھ حکومت صوبے میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ پیپلز بس سروس کی مختلف شہروں تک توسیع، الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا فروغ اور بڑے بی آر ٹی منصوبے جامع ٹرانسپورٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔

Check Also

میر رضا قتل کیس: جوڈیشل کمیشن نےایس ایچ او سمیت دو پولیس افسران کو سمن جاری کردیئے

میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن نے ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *