کراچی (شوبز رپورٹر) انتظار کی گھڑیاں ختم، سپنا غزل اداکارہ سے پروڈیوسر بن گئیں فنی کیریئر میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا معروف اداکارہ سپنا غزل نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز تقریباً 25 سال قبل کیا تھا ابتداء میں وہ سپورٹنگ رولز میں نظر آتی رہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کے کام میں نکھار آتا گیا اور پھر انہیں مضبوط اور جاندار کردار ملنا شروع ہوئے جن میں انہوں نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا
گزشتہ دس سالوں سے وہ کراچی تھیٹر کے 90 فیصد ڈراموں کا حصہ رہی ہیں جس سے ان کی عوامی مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے وہ کم و بیش تمام ہی پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کر چکی ہیں اور آج ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر اپنا منفرد مقام بناچکی ہیں ماضی قریب میں سپنا غزل نے تین پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا ہے اس اعتبار سے انہیں فلم اداکارہ کا درجہ بھی دیا جاسکتا ہے تاہم ان کی پہلی ترجیح تھیٹر اور ٹی وی ہی رہی ہے
تھیٹر پر کامیابی اور شہرت کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اب وہ پروڈیوسر کے روپ میں سامنے آئی ہیں ان کا پہلا پیش کردہ کھیل “اگر تم برا نہ مانو” آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اے سی ٹو ہال میں پیش کیا جارہا ہے طنز و مزاح سے بھرپور اس کھیل میں سپنا غزل خود بھی ایک اہم کردار میں جلوہ گر ہوں گی یہ کھیل یقیناً سپنا غزل کے فنی کیریئر کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور کراچی تھیٹر کو ان کی صورت میں ایک اچھی پروڈیوسر ملے گی واضع رہے کہ سپنا غزل ریجنل تھیٹر فیسیٹول کے ایک گجراتی میمنی کھیل میں بھی کام کررہی ہے جس کی ان دنوں ریہرسل جاری ہے
THE PUBLIC POST